گاندربل، رامبن میں مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات کو نقصان
سرینگر20فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مٹی کے تودے گرنے کی وجہ سے سرینگر لہہ شاہراہ کو بند کر دیا گیاہے جبکہ گاندربل اور رامبن اضلاع میں متعدد مکانات اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شدید بارش کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے گاندربل میں سونہ مرگ کے علاقے ریزین میں کئی مکانات اور ایک گائو خانے کو شدید نقصان پہنچا جبکہ سرینگر لہہ ہائی وے کو بھی بند کر دیاگیاہے۔ ضلع انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے سرینگر لہہ ہائی وے پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو روک دیاگیا ہے۔
دریں اثناء ضلع رامبن کے ایک دور افتادہ گائوں میں مٹی کے تودے گرنے سے ایک درجن سے زائد رہائشی مکانات کو نقصان پہنچاہے جس سے 13 خاندان بے گھر ہو گئے۔ گائوں کے قریب سے گزرنے والی مرکزی سڑک کو دراڑیں پڑنے کے بعد گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ضلع ہیڈکوارٹررامبن سے 45کلومیٹر دور گول سب ڈویژن کے گائوں ڈکسر ڈل میں یہ واقعہ اس واقعے سے بمشکل پندرہ دن بعد پیش آیا جب ضلع ڈوڈہ کے گائوںنئی بستی میں زمین دھنسنے کی وجہ سے 19رہائشی مکانات، ایک مسجد اور لڑکیوں کے ایک اسکول میں دراڑیں پڑ گئیں۔گول کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ تنویر المجید وانی نے صحافیوں کوبتایاکہ گزشتہ تین دنوں کے دوران ڈکسر ڈل میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کل 13مکانات کو نقصان پہنچا اور وہ ناقابل رہائش ہو گئے ہیں۔