بی جے پی ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دے کر دہلی حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے: عام آدمی پارٹی
نئی دہلی18مارچ(کے ایم ایس) بھارت میں عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ بی جے پی جس کے دہلی اسمبلی میں صرف آٹھ ارکان ہیں، اروند کیجریوال حکومت کو گرانے کی کوشش کر رہی ہے اور ارکان اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد کی آڑ میں دھمکیاں دے رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عام آدمی پارٹی کے بھارتی راجیہ سبھا کے رکن راگھو چڈھا نے نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ان کی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو دھمکیاں دے رہی ہے کہ یاتو بھگوا پارٹی میں شامل ہو جائیں یا پھرسی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ انہیں جیل میںڈالے گی۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی دہلی اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران کیجریوال حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ اے اے پی کے پاس زبردست اکثریت کے ساتھ 62ارکان اسمبلی ہیں اور بی جے پی کے پاس صرف آٹھ ایم ایل ایز ہیں۔ لیکن بی جے پی تحریک عدم اعتماد کی آڑ میں ایم ایل ایز خرید کر حکومت گرانا چاہتی ہے، بالکل اسی طرح جس طرح بھارتی ریاستوں مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرمیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ اب ہمارے ایم ایل ایز کو دھمکیاں مل رہی ہیں کہ اگر ہم نائب وزیر اعلیٰ کے ساتھ ایسا کر سکتے ہیں تو آپ صرف ایم ایل اے ہیں۔راگھوچڈھا نے دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسوڈیا جو اسوقت جیل میں ہیں، کے خلاف تحقیقاتی ایجنسیوں کو استعمال کرنے پربھی مودی کی بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کی۔