ہمارے خاندان کی توہین کرنے پرکسی جج نے بی جے پی رہنمائوں کو جیل کی سزا نہیں سنائی: پرینکا گاندھی
نئی دہلی25مارچ(کے ایم ایس)کانگریس کی سینئررہنما پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ ہمارے خاندان کے خلاف مسلسل بیان بازی پر کسی جج نے وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کسی بھی بی جے پی رہنما کو دو سال کی سزا نہیں سنائی اورنہ ہی کسی کو نااہل قرار دیاگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پرینکا گاندھی نے نئی دہلی میں کانگریس کے سینئر رہنمائوں کے ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی راہول گاندھی جوکانگریس کے سابق صدر ہیں اورجنہیں ہتک عزت کے ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیاہے، مشکلات کا سامنا اس لئے کر رہے ہیں کہ انہوں نے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اڈانی گروپ پر سوالات اٹھائے تھے۔پرینکاگاندھی نے کہا کہ بی جے پی کے ترجمان، ارکان پارلیمنٹ، وزراء اورخود وزیر اعظم نریندر مودی ان کے خاندان، اس کے بھائی، اس کے والد اور والدہ، اندرا گاندھی اور جواہر لال نہرو کے خلاف بیانات دیتے رہتے ہیں اور پورا ملک اس کے بارے میں جانتا ہے۔لیکن کسی جج نے انہیں دو سال کی سزا نہیں سنائی اورنہ کسی کو نااہل قراردیاگیا۔پرینکا نے کہا کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ میرے بھائی نے کیا کیاہے؟ انہوں نے اڈانی گروپ کے بارے میں سوالات اٹھائے اوریہی وجہ ہے کہ انہیں سزا سنائی گئی۔