بھارت :ناگالینڈ، اروناچل میںکالے قوانین کے نفاذ میں مزید چھ ماہ کی توسیع
کوہیما26مارچ(کے ایم ایس) بھارتی حکومت نے ناگالینڈ اور اروناچل پردیش میں کالے قوانین” ڈسٹربڈ ایریاز ایکٹ” اور”آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ” کے نفاذ میں مزید چھ ماہ کی توسیع کردی ہے جن کے تحت بھارتی فورسز کوبے پناہ اختیارات حاصل ہیں۔
کوہیما میں حکام نے بھارتی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایا کہ یہ فیصلہ سرحد سے ملحق دونوں شمال مشرقی ریاستوں میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے۔ بھارتی وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن میں ناگالینڈ کے مزید چار اضلاع کو نو دیگر اضلاع اور 16پولیس اسٹیشنوں کے ساتھ چھ ماہ کی مدت کے لیے” شورش زدہ علاقے ”قرار دیا ہے۔ایک اور نوٹیفکیشن میں بھارتی وزارت داخلہ نے اروناچل پردیش میں تیرپ، چانگ لانگ اور لونگڈنگ اضلاع اورآسام کی سرحد سے متصل ضلع نامسائی اور مہادیو پور پولیس اسٹیشنوں کی حدود میں آنے والے علاقوں کو” شورش زدہ” قرار دیا ہے۔ان کالے قوانین کے تحت بھارتی فورسز کو کسی بھی شخص کو شک کی بنیاد پر قتل کرنے،لوگوں کے مکانات ضبط اورتباہ کرنے اور بغیر کسی وارنٹ کے کسی بھی گھر میں گھسنے اورلوگوں کو گرفتارکرنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے اور بھارتی فورسز کتنا ہی بڑا جرم کیوں نہ کریں، ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاسکتی۔