عالمی برادری بھارت کے پھیلتے ہوئے دہشتگردی کے نیٹ ورک کا نوٹس لے،مشعال
اسلام آباد:
انسانی حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے بارے میں وزیر اعظم کی معاونِ خصوصی مشعال ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے ملک سے باہر پھیلتے ہوئے دہشت گردی کے نیٹ ورک کا نوٹس لے۔
مشعال ملک نے آج سنو ایف ایم ریڈیو چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، کینیڈا، متحدہ عرب امارات اور دوسرے ملکوں میں عالمی دہشت گردی کے حالیہ واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارتی حکومت کی آر ایس ایس کے زیر قیادت ہندوتوا کے نظریے سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ عدم برداشت کے اس نظریے نے پورے بھارت کو یرغمال بنا رکھا ہے۔مشعال ملک نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تحقیقات کیلئے بین الاقوامی جنگی ٹربیونل قائم کئے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل فراہم کر کے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی ثقافت اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت میں مذہبی اقلیتیں خصوصا مسلمان آر ایس ایس کے غنڈوں سے محفوظ نہیں ہیں جسے حکمرانوں کی طرف سے کھلی چھوٹ دی گئی ہے۔