عالم دین میرواعظ یوسف شاہ کو شاندار خراج عقیدت
سرینگر07اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے معروف عالم دین اور آزاد کشمیر کے سابق صدر میر واعظ محمد یوسف شاہ کو ان کی برسی کے موقع پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ محمد یوسف شاہ کو جموں و کشمیر کی تاریخ میں طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک عظیم مذہبی اور سیاسی شخصیت تھے جنہوں نے کشمیری عوام کی سیاسی بیداری میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی تاریخ کے نازک دور میں انہوں نے جس وژن کے ساتھ خطے کے مسلمانوں کی رہنمائی کی وہ انتہائی قابل ستائش ہے۔میرواعظ خاندان کی سماجی اور مذہبی خدمات کو سراہتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ اس خاندان نے جموں و کشمیر بالخصوص وادی کشمیر میں اسلامی تعلیمات کے فروغ میں بے مثال کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ "مذہبی تعلیمات کے ساتھ ساتھ،میر واعظ خاندان نے خطے کے مسلمانوں کی فکری اور سیاسی رہنمائی بھی فراہم کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرواعظ محمد یوسف شاہ کشمیری عوام کے حقیقی خیر خواہ تھے۔انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کا کشمیری زبان میں ترجمہ اور تفسیر ان کے عظیم کارناموں میں سے ایک ہے جو تاقیامت اہل ایمان کیلئے رہنمائی کا ذریعہ رہے گا۔