کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کی طرف سے میر واعظ یوسف شاہ کو خراج عقیدت
اسلام آباد 07 اپریل (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں منعقدہ ایک دعائیہ مجلس میں ممتاز سیاسی و مذہبی رہنما مادر ملت ا ور مفسر قرآن میرواعظ مولانا محمد یوسف شاہ کو ان کی 56ویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
مجلس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ دعائیہ مجلس کے شرکاء نے معروف کشمیری سکالر اور سیاسی رہنما میر واعظ محمد یوسف شاہ کو انکی مذہبی، سیاسی اور سماجی خدمات پر شاندرا خراج عقیدت پیش کیا ۔محمود احمد ساغر نے اس موقع پر کہا کہ میر واعظ کشمیر نے قرآن مجید کا کشمیری زبان میں ترجمے اور تفسیر کا عظیم کارنامہ سر انجام دیا ہے جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا ۔تقریب کے دیگر شرکا میں محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی، سید یوسف نسیم، شیخ عبدالمتین، نثار مرزا، سید اعجاز رحمانی، شیخ عبدالماجد، محمد اشرف ڈار، منظور احمد ڈار، مشتاق احمد بٹ، محمد شفیع ڈار، کفایت حسین رضوی اور امتیاز وانی شامل ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں رکوانے کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔اس موقع پر میرواعظ مولوی یوسف شاہ اور دیگر شہدائے کشمیرکی بلندی درجات کیلئے خصوصی دعابھی کی گئی ۔اس موقع پر میرواعظ مولوی عمر فاروق کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔