آزاد کشمیر

حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اورمسلمہ حق ہے:ڈاکٹر محمد مشتاق خان

555

اسلام آباد جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیرکے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا ہے کہ حق خودا ردیت کشمیری عوام کا بنیادی اور مسلمہ حق ہے جسے دنیا کے انصاف پسند اور جمہوری حلقوں نے تسلیم کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد مشتاق خان نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں کشمیری صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت خود مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں لیکر گیا تھااور پوری دنیا کو گواہ بناکر کشمیری عوام کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیاتھا لیکن 77برس گزرنے کے باوجود کشمیری عوام حق خود ارادیت کے حصول کیلئے جدوجہدجاری رکھے ہوئے ہیں اورقربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت روز اول سے مکاری اور چالبازیوں سے کام لیتا رہا۔امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ بیس کیمپ نے بھی وہ کردار ادا نہیں کیا جو ا سے کرنا چاہیے تھا جبکہ اقوام متحدہ بھی اپنی قراردادوں پر عملدرآمدکرانے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت 05اگست2019 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت پر حملہ آور ہوا اور بھارتی آئین کی دو اہم شقیں 370اور 35اے ختم کردیں۔لاکھوں غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل فراہم کرنے کے علاوہ کشمیری عوام کی جائیدادو املاک اور رہائشی مکانات پر قبضہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔اہل کشمیر پر تاریخ کا بدترین فوجی محاصرہ مسلط کیا گیا لیکن مثبت پہلو یہ ہے کہ کشمیری عوام نے بھارت کے سامنے سرینڈر کرنے سے انکار کردیاہے۔انہوں نے کہا کہ آج وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں خطے کے ڈوڈہ،کٹھوعہ ،سانبہ،پونچھ ، راجوری اوردیگر علاقوں میںلوگ ایک بار پھراٹھ کھڑے ہوئے ہیںجو مودی کیلئے پیغام ہے کہ تمہارے دس لاکھ فوجیوں اور جابرانہ اقدامات کے باوجود ہم آزادی کی جدوجہد سے دستبردارنہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا آنے والے دنوںمیں مودی کو مزید سرپرائز ملیں گے ۔محمد مشتاق خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعینات بھارتی افواج کو ماورائے عدالت قتل،خواتین کی آبروریزی اور بربریت کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے ۔انہوںنے کشمیر صحافیوں کو یقین دلایا کہ جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور جماعت اسلامی پاکستان شروع دن سے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے یکسو ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان و آزاد کشمیر مسئلہ کشمیر کو نہ تو دفن ہونے دے گی اور نہ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت دے گی۔انہوں نے کہا کہ سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے دورہ مظفر آباد کے موقع پر جو تجاویز میں نے پیش کیں انہیں آزاد کشمیر کی تما م سیاسی جماعتوں کے سربراہاں کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے سراہا ہے،جن میں اہم تجویز یہ تھی کہ مسئلہ کشمیر پر نائب وزیر خارجہ کا تقرر عمل میں لایا جائے جو آر پار کشمیری قیادت کیساتھ رابطے کے پل کا کردار ادا کرسکے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button