پاسبان حریت کا 5جنوری کو مظفر آباد میں ایک بڑی ریلی نکالنے کا اعلان
مظفرآباد31دسمبر(کے ایم ایس)پاسبان حریت جموں وکشمیرنے کہا ہے کہ عالمی برادری سے حق خودارادیت کے مطالبے اور بھارتی جنگی جرائم کیخلاف احتجاج کیلئے پیدل مارچ کے پہلے مرحلے کے بعد 5جنوری 2023کو مظفر آباد کے برہان وانی چوک سے ایک بڑی عوامی ریلی نکالی جائے گی جو اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفترپر اختتام پذیر ہوگی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پاسبان حریت کے چیئرمین عزیراحمد غزالی اور سینیئر وائس چیئرمین عثمان علی ہاشم نے ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ریلی میں حق خودارادیت کے حصول اورکشمیری نظربندوں کی رہائی کے حق میں اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی جنگی جرائم کیخلاف مذمتی قرارداد پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ 5جنوری کو ایک موثر پروگرام کے انعقاد کیلئے کل یکم جنوری سے شہر بھر میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز کیا جائے گا جس کے تحت مختلف علاقوں میں شہریوں سے ملاقاتیں اور ہینڈ بلز تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مظفرآباد کے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم اور بے بس عوام کی آواز بننے اور بھارتی سامراج کے مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے متحدہوجائیں اور 5جنوری کو برہان وانی چوک میں ریلی میں شرکت کریں۔