اتر پردیش: پولیس نے دومسلمان نوجوان جعلی مقابلے میں قتل کر دیے
لکھنو14 اپریل (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اترپردیش میں پولیس کی سپیشل ٹاسک فورس(ایس ٹی ایف) نے دو مسلمان نوجوانوں کو ایک جعلی مقابلے میں قتل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ایس ٹی ایف نے اسد اور غلام احمد نامی مسلم نوجوانو ں کو اتر پردیش کے شہر جھانسی میں فرضی تصادم میں مار دیا۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ دونوں ایک ہندو امیش پال کے قتل کے سلسلے میں مطلو ب تھے ۔ ایس ٹی ایف کا کہنا ہے کہ انہیں ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا گیا لیکن انہوں نے فائرنگ شروع کر دی اور جوابی فائرنگ کے نتیجے میں یہ دونوں مارے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے اسد کے والد عقیق احمد کو بھی امیش پال کے قتل کے الزام میں قید کر رکھا ہے۔
دریں اثنا سماج وادی پارٹی کے صدراکھلیش یادو نے جعلی مقابلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ بی جے پی حکومت جعلی انکاﺅنٹر کر کے اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی والے عدالتوں پر یقین نہیں رکھتے ۔ انہوںنے کہا صحیح اور غلط کا فیصلہ کرنے کا حق حکومت کو نہیں ہوتا ، بی جے پی بھائی چارے کے خلاف ہے۔ انہوںنے جعلی مقابلے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔