مودی حکومت مسلمانوں ، دلتوں و دیگر اقلیتوں کو مظالم کا نشانہ بنا رہی ہے، سی پی آئی، سی پی آئی ایم
حیدر آباد15اپریل (کے ایم ایس)بھارت میں کیمونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی) اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیامارکسسٹ(سی پی آئی ایم) کے رہنماﺅں نے کہا کہ ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور میں مسلمانوں، دلتوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے اور عوام کو متحدہو کر آئندہ انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینا ہو گی۔
سی پی آئی اور سی پی آئی ایم کے رہنماﺅں ڈاکٹر کے نارئنا،سید عزیز پاشا، سی وینکٹ ریڈی ، سامبا شیوا راﺅ،ای ٹی نرسمہا اور سیتا راملو نے ریاست تلنگانہ کے دارلحکومت حیدر آباد میں عوامی بیداری کے حوالے سے منعقدہ ایک ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ مودی حکومت غربا سے ٹیکس وصول کر کے اڈانی جیسے کارپوریٹ اداروں کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے اور ملک کی دولت لوٹنے کا کام کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی ملک میں مذہبی منافرت پیدا کر رہی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ لوگ اسکے خلاف متحد ہوں۔
انہوںنے کہا کہ مالیات کی مرکزی وزیر سیتا رامن نے امریکہ میں یہ گمراہ کن بیان دیا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں پر کوئی ظلم و زیادتی نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا ہے ، دنیا کے کسی مقام پر کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو اسکی خبر فوراً ساری دنیا میں پہنچ جاتی ہے لہذا کیا دنیاکو یہ معلوم نہیں کہ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم توڑے جا رہے ہیں ۔ سی پی آئی، سی پی آئی یم کے رہنماﺅں نے کہا کہ عوام دشمن اور غیر جمہوری پالیسیوں پر عمل پیرا مودی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے۔ ریلی میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔