بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکا ہے، مسرت عالم
مقبوضہ جموں وکشمیر میں 27اکتوبر کو ہڑتال کی کال
سرینگر21 اکتوبر (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے آزادی پسند کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 27اکتوبر کو مکمل ہڑتال کریں ۔ بھارت نے 27اکتوبر1947 کوکشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوج سرینگر کے ہوائی اڈے پر اتار کر جموں وکشمیر پرغیر قانونی طورپر قبضہ کر لیاتھا ۔کشمیری ہر برس 27اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں تاجروں ، ٹرانسپورٹروں ، ملازمین ، بار ایسو سی ایشنوں اور طلباسمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ یوم سیاہ کے موقع پر سول کرفیو نافذ کریں۔۔انہوں نے کہا کہ کشمیری تارکین وطن اس دن احتجاجی ریلیوں کا اہتمام کریں اور پلے کارڑز اور بینروں کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کریں۔ انہوں نے شام 7 بجے سے 8 بجے تک ایک گھنٹہ کا مکمل بلیک آوٹ کرنے کی بھی اپیل کی۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارت کشمیر کے محکوم لوگوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔ انہوںنے بھارت کو برطانوی سامراج کے خلاف اپنی جدوجہد آزادی کی تاریخ یاد دلاتے ہوئے کہا کہ بھارت کو آزادی کی جنگ جیتنے میں تقریبا ایک صدی کا عرصہ لگا لیکن یہ کشمیر کے عظیم لوگوں کی بے شمار قربانیوں سے مماثل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات سوچی بھی نہیں جاسکتی کہ کشمیر کے آزادی پسند لوگ بھارتی غیر قانونی قبضے سے اپنی آزادی پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔انہوں نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے فوجی تکبر کو ترک کر کے جموں وکشمیر میں زمینی حقائق کو قبول کرے جہاں اس کے دس لاکھ فورسز اہلکاروں کو عام لوگوں کے ہاتھوں خوفناک اخلاقی شکست ہوئی ہے۔ مسرت عالم بٹ نے مزاحمتی تحریک سے وابستہ کشمیری رہنماو¿ں اور کارکنوں کے عزم وہمت کو سراہتے ہوئے آزادی کے مقدس مقصد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے اپنے عزم کو دہرایا۔مسرت عالم بٹ نے پونچھ ، شوپیاں ، ترال ، سری نگر ، بانڈی پورہ اور سوپور کے شہداءکو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نسل کشی ، بلا جواز گرفتاریوں اور املاک کی توڑ پھوڑ کے بڑھتے ہوئے واقعات کا نوٹس لیں مسئلہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے کردار ادا کریں۔