آزاد کشمیرخصوصی دن

مظفر آباد میں بھارت مخالف مظاہرے اور احتجاجی ریلیاں 

مظفرآباد:

مظفرآباد میں آج بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کیلئے بھارت مخالف مظاہرے اوراحتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

بھارت مخالف مظاہرے اوراحتجاجی ریلیوں کا اہتمام تحریک شباب المسلمین سٹوڈنٹس ونگ اور پاسبان حریت جموں و کشمیر نے کیا تھا۔ان ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں میں نوجوانوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تحریک شباب المسلمین سٹوڈنٹس ونگ کے چیئرمین ریاض احمد اعوان کی قیادت میں ریلی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی میں سٹوڈنٹس ونگ کے عہدیداران وائس چیئرمین منیر احمد کونشی، جنرل سیکرٹری زبیر درانی، ڈپٹی جنرل سکریٹری شاہد اقبال اعوان، چیف آرگنائزر فیض اللہ درانی، پریزیڈنٹ یونیورسٹیز و کالجز زبیر شاہ، میڈیا ایڈوائزر ارشد اعوان،ڈپٹی میڈیا ایڈوائزر عاطف میر،سوشل میڈیا ایڈوائزر امتیاز اعوان،جنرل سیکرٹری یونیورسٹیز وکالجز آصف درانی ،ڈپٹی چیف آرگنائزر شبیر اعوان، و پریزیڈنٹ جہلم ویلی یونٹ آفتاب احمد اعوان، جنرل سیکرٹری جہلم ویلی یونٹ نزاکت قریشی، فلک خان اور راجہ عباس اورچوہدری عاطف و دیگرنے شرکت کی۔ریلی کے مقررین نے کہا کہ بھارت نیفوججی طاقت کے بل پر اپنے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کی آزادی سلب کررکھی ہے۔انہو ں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں اپنی آزادی کا جشن منانے کا بھارت کو کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ اسے جموںوکشمیر میں ایک غاصب کی حیثیت حاصل ہے۔ مقررین نے اقوام عالم سے اپیل کی کہ بھارت میں کشمیریوں سمیت تمام اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ان کی زندگیوں اور ان کے املاک کو شدید خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں ہر روز انسانیت کا قتل کیا جارہاہے تاہم عالمی برادری اور مہذب اقوام نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔انہوں نے اقوام عالم پر زوردیا کہ وہ اپنا  دوہرا معیار ترک کرکے بھارت جیسے انسانیت سے عاری ملک کو لگام دے اور کشمیری عوام کو انکا حق خودارادیت دلانے کا اپنا وعدہ کو پورا کرے تاکہ کشمیری  اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں۔ریلی کے شرکاء نے اس موقع پر آزدی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی بلند کئے ۔

ادھرپاسبان حریت جموں و کشمیر کی زیر اہتمام بھارت کے نام نہاد یوم آزادی کے موقع پرمظفر آباد میں ایک بڑی عوامی احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ ختم نبوت چوک پر ریلی میں سیاہ جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے سینکڑوں شہریوں نے بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی کی ۔ شرکا نے ختم نبوت چوک سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی تک مارچ کیا اور بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ ریلی کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم، مشتاق الاسلام، عزیز الرحمان، محمد فیاض خان، صدیق قریشی، فیصل فاروق، غلام مرتضی مغل، محمد اسحاق شاہین، چوہدری شہباز احمد، عظمت حیات کشمیری اور دیگر نے کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button