مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر :”این آئی اے “نے چھاپوں کے دوران دو افراد گرفتار کر لیے

بھارت نے مقبوضہ علاقے کو انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے” نو گو ایریا“ بنا دیا ہے

 

سرینگر19 اگست (کے ایم ایس)بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسیاں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو دبانے کے لیے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف کریک ڈاو¿ن جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی ٹیموں نے پیرا ملٹری اور پولیس اہلکاروں کے ہمراہ مقبوضہ علاقے کے کپواڑہ، کولگام، شوپیاں اور جموں اضلاع میں گھروں پر چھاپے مارے اور مکینوں کو ہراساں کیا۔ این آئی اے نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کرال پورہ میں چھاپے کے دوران ایک شہری غلام محمد صوفی اور اس کے 19 سالہ بیٹے معراج الدین صوفی کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی پولیس کے خصوصی تحقیقاتی یونٹ نے ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ کے علاقے Wopalwaمیں حریت کارکن شیخ سیرال نثار کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اور مکینوں کو جسمانی اور ذہنی تشدد کا نشانہ بنایا۔

ادھر نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت جموں و کشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے کے قیمتی وسائل کو بے دریغ لوٹ رہی ہے۔ جموں ڈویژن کے ضلع ریاسی میں دریافت ہونے والی لیتھیم کانوں کی نیلامی کے اعلان کے بعد مودی حکومت کشتواڑ میں پائے جانے والے قیمتی پتھر نیلم کی کانوں کی بھی نیلامی کرنے جا رہی ہے۔ اس کا اعلان جموں و کشمیر کے دہلی کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے گزشتہ روز کشتواڑ میں کیا۔

دریں اثناءکشمیر میڈیا سروس کے شعبہ تحقیق کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آج جب دنیا بھر میں انسانی ہمدردی کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر انسانی ہمدردی کی بین الاقوامی تنظیموں کے لیے ممنوعہ علاقہ بنا ہوا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت نے اپنی ریاستی دہشت گردی کو دنیا سے چھپانے کے لیے انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی کارکنوں اور تنظیموں کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں کبھی کام کرنے کی اجازت نہیں دی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مودی حکومت نے علاقے کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم جماعت اسلامی پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ اس نے جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر عبدالحمید فیاض سمیت تنظیم کے ہزاروں رہنماﺅں اور کارکنوں کو بھی گرفتار کر کے بھارتی جیلوں میں نظر بند کررکھا ہے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں بشمول سلیم زرگر، یاسمین راجہ، خواجہ فردوس، سید بشیر اندرابی، محمد شفیع لون اور عبدالصمد انقلابی نے اپنے بیانات میں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی میں اضافے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کو محکومی پر مجبور نہیںکر سکتے اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کو مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظر بند حریت رہنماﺅں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button