اقوام متحدہ کشمیریوں کے ساتھ اپنے وعدوں کی پاسداری کرے، سیاسی ماہرین
سرینگر26 اگست (کے ایم ایس) سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کاساتھ دیں، جنہیں عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا ہے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر جمہوریت اور انصاف پسند شخص کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے آواز اٹھانی چاہیے جو گزشتہ 76 سالوں سے بھارتی فورسزکے جبر کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی حمایت انسانیت، امن اور سچائی کی حمایت ہے، یہ وقت مقبوضہ کشمیر کے محکوم عوام کے لیے آواز اٹھانے کا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی ،آر ایس ایس کی ہند و توانظریے کی حکومت کو کشمیریوں کو جھوٹے مقدمات میں نشانہ بنانے اور مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے سے روکا جائے۔
سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ عالمی برادری کو اپنا دوہرا معیار ترک کرنا چاہیے اور جموں و کشمیر کے عوام کی مدد کرنی چاہیے جو اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کا مطالبہ کر رہے ہیں جسے اقوام متحدہ نے اپنی کئی قراردادوں کے ذریعے تسلیم کر رکھا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے۔