کشمیری نظربندوں کی بھارتی جیلوں میں منتقلی کی شدید مذمت
جموں24اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیر پنجال پیس فاونڈیشن ،پیپلز موومنٹ اور الحیات ویلفیر ایجوکشنل ٹرسٹ نے مقبوضہ جموںو کشمیر کی جیلوں سے کشمیری نظربندوں کی یوپی کی آگرہ جیل سمیت بھارتی جیلوں میں منتقلی کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق جموں وکشمیر پیر پنجال پیس فاو¿نڈیشن کے چیئرمین محمد حنیف کالس ، پیپلز موومنٹ کے سربراہ میر شاہد سلیم اورالحیات ویلفیر ایجوکشنل ٹرسٹ کے سربراہ ہلال احمدبیگ نے جموں میں ایک ملاقات کے دوران اس اقدام پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو گمراہ کن اور منافقت قراردیا۔انہوں نے نوجوانوں کو خبردار کیا کہ وہ بھارت کے مکروہ عزائم سے ہوشیار رہیں۔ حریت رہنماو¿ں نے آزاد کشمیر حکومت کے 74ویں یوم تاسیس پر کشمیری عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے امیدظاہر کی کہ آزاد کشمیر کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے اس نازک موڑ پر بیس کیمپ کا کردار احسن طریقے سے ادا کرتی رہے گی اور جدوجہد آزادی کی آبیاری کرتی رہے گی۔ انہوں نے بھارتی حکومت اور فوج کی جانب سے نہتے کشمیری نوجوانوں کی غیر قانونی پکڑ دھکڑ، جعلی مقابلوں اور ماورا عدالت قتل کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ ، اسلامی تعاون تنظیم اورعرب لیگ سمیت عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے جنگی جرائم کو روکنے کے لئے فوری مداخلت کریں اور جنگی جرائم پر عالمی عدالت میںبھارت کے خلاف مقدمہ چلانے کے لئے اقدامات کریں۔