مقبوضہ جموں و کشمیر
صدر منتخب ہوا تو بھارتی حکومت پر مسئلہ کشمیر مستقل طور پر حل کرنے پر زور دونگا: یشونت سنہا
سرینگر09جولائی(کے ایم ایس) بھارت میں صدارتی انتخابات کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار یشونت سنہا نے کہاہے کہ اگروہ صدر منتخب ہوئے تو ان کی اولین ترجیحات میں سے ایک حکومت پر زور دینا ہوگا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یشونگ سنہا نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی حکومت سے امن، انصاف، جمہوریت اور معمول کے حالات بحال کرنے اور جموں و کشمیر کے ساتھ معاندانہ رویہ ختم کرنے کی اپیل کریں گے۔یشونت سنہا صدارتی انتخابات میں حمایت حاصل کرنے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہیں۔ سرینگر میں یشونت سنہا نے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی، اور جموں وکشمیرمیں کانگریس کے سابق سربراہ غلام احمد میر سے ملاقات کی۔