بھارت :مہاراشٹر میں ہندوتوا دہشت گردوں نے چار دلتوں کو الٹا لٹکاکر تشدد کا نشانہ بنایا
ممبئی28اگست(کے ایم ایس)بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ہندوتوا دہشت گردوں نے چار دلتوں کو الٹا لٹکاکر تشدد کا نشانہ بنایا، جسے کانگریس نے انسانیت پر ایک دھبہ اور مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت کی طرف سے پھیلائی جا رہی نفرت کا نتیجہ قراردیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ریاست میں ضلع احمد نگر کے ایک گائوں میں چھ افراد پر مشتمل ایک گروپ نے ایک بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے الزام میں چار دلتوں کو ایک درخت سے الٹا لٹکایا اور انہیں لاٹھیوں سے مارا پیٹا۔اس واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے خلاف علاقے میں ہڑتال کی گئی۔حکام نے بتایاکہ گائوں کے چھ افراد کا ایک گروپ چار دلت مردوں کے گھر گیاجن کی عمریں 20سال کے لگ بھگ تھیں اور انہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔انہیںایک بکری اور کچھ کبوتر چوری کرنے کے شبے میں ایک درخت سے الٹا لٹکایا گیا اور لاٹھیوں سے پیٹا گیا۔زخمیوں کو بعد میں قریبی اسپتال لے جایا گیا۔حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے اس واقعے کو انسانیت پر ایک دھبہ اور بھارت میں مودی حکومت کی جانب سے پھیلائی جا رہی نفرت کا نتیجہ قرار دیا ہے۔مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ یہ واقعہ انسانیت پر دھبہ ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام ملزموں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور انہیںسخت سزا دی جائے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعات بی جے پی کی طرف سے اپنے سیاسی فائدے کے لیے پھیلائی جا رہی نفرت کا نتیجہ ہیں۔نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے ترجمان مہیش تاپسے نے کہاکہ حکومت دلتوں کی عزت نفس کے تحفظ میں ناکام ہوئی ہے۔اس سے قبل مدھیہ پردیش کے ضلع ساگر میں ایک ہندوتوا گروپ نے ایک دلت نوجوان کو پیٹ پیٹ کر قتل کردیا تھا اور اس کی ماں کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔