بھارت :اگر ہر مسجد کے نیچے مندر ہے توہر مندر کے نیچے بودھ مٹھ ملے گا:سوامی پرساد موریہ
نئی دہلی: بھارت میںراشٹریہ شوشت سماج پارٹی کے سربراہ سوامی پرساد موریہ نے کہاہے کہ اترپردیش کی یوگی حکومت نے سنبھل میں جان بوجھ کر فساد کروایا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوامی پرساد موریہ نے ایک بیان میںکہا کہ ہر مسجد میں مندر کی تلاش کرنے والے غلط طریقہ اپنا رہے ہیں۔ اگر ہر مندر کو گرا کر مسجد بنائی گئی ہے تو ہر بودھ مٹھ کو گرا کر مندر بنائے گئے ہیں۔ اس سے بھی کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ کیدارناتھ اوربدری ناتھ بودھ مٹھ ہی تھے۔ آئین میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ مذہبی مقامات کو اسی طرح رکھا جائے گا جیسا کہ وہ 1947میں تھے۔ سوامی پرساد موریہ نے کہا کہ افسران کو جے شری رام کے نعرے لگانے والوں کو اپنے ساتھ لے جانے کی کیا ضرورت تھی؟اسی سے واضح ہو رہا ہے کہ فساد کس نے اور کیوں کروایا۔
دریں اثناء اتر پردیش اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما ماتا پرساد پانڈے نے بھی سنبھل تشدد پر بی جے پی کوتنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے مال خانوں میں کئی طرح کا اسلحہ ہوتا ہے جس کی جب ضرورت ہوتی ہے پولیس اسکا استعمال کرتی ہے۔ سرکاری بندوق سے گولی چلانے پروہ ملزم بن جائیں گے۔ پولیس کے پاس مال خانے میں غیرقانونی اسلحہ بھی ہوتا ہے اور یہ پولیس والوں کو بھی معلوم ہوتا ہے کہ انہیں اس کا استعمال کب اور کہاں کرنا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی شمالی ہند میں فرقہ وارانہ کشیدگی ہمیشہ برقرار رکھنا چاہتی ہے تاکہ اسے فائدہ ملتا رہے۔