کشمیری عوام بھارتی حکومت کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں،رمن بھلا
جموں 30اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس پارٹی کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے کہا ہے کہ کشمیری عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے جھوٹے وعدوں سے تنگ آ چکے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق رمن بھلا جموں میں کانگریس کے زیر اہتمام بی جے پی کی عوام اور غریب دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے منعقدہ ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کررہے تھے ۔ احتجاجی مظاہرے کا اہتمام مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنےکے لیےکیا گیا تھا، جس میں ٹول پلازہ، سمارٹ میٹرز کی تنصیب، اور پراپرٹی ٹیکس کا نفاذ شامل ہے، جس کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا ہے ۔رمن بھلا نے بی جے پی حکومت کو اس کی عوام دشمن پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے جموں خطے کے عوام کے بڑے پیمانے پر احتجاج کے باوجود سرور ٹول پلازہ ختم نہ کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کی بھی مذمت کی ۔