این آئی اے نے ایک جھوٹے مقدمے میں دو کشمیری نوجوانوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کردی
جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے نے ایک جھوٹے مقدمے میں دو کشمیری نوجوانوں کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں جمع کرائی گئی چارج شیٹ میں ایک ڈرائیور وحید الظہور اور مبشر مقبول میر کے نام شامل ہیں۔پولیس نے بتایا کہ ظہور مجاہدین کا معاون ہے اور مجگنڈسرینگر میں اس کی رہائش گاہ پر تلاشی کے دوران قابل اعتراض موادبرآمد ہواتھا۔مبشر مقبول میر کو کیس میں ایک سازشی کے طور پرنامزد کیا گیا ہے۔ قابض حکام کا کہنا ہے کہ وہ اور ظہور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے تھے۔ناقدین نے ان الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ قابض بھارتی حکومت علاقے میں خوف ودہشت کی فضا پیدا کرنے کے لیے کشمیری نوجوانوں کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔