بھارتی فورسز نے سوپور، بانڈی پورہ سے تین نوجوان گرفتارکرلئے
سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے یاربگ سوپور سے دونوجوانوں کو گرفتارکرلیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ اس نے بھارتی فوج کی32 راشٹریہ رائفلز اورپیراملٹری سینٹرل ریزروپولیس فورس کے ساتھ ملکر پولیس اسٹیشن ڈنگی وچہ کے علاقے میں لگائے گئے ایک مشترکہ ناکے پر رشید احمدبٹ اور ساجد اسماعیل ہارو نامی دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔پولیس نے بتایاکہ دونوں آرونی بجبہاڑہ کے رہائشی ہیں۔بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے نادی ہل میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران ایک اور نوجوان کو گرفتارکرلیاجس کی شناخت ضلع کے علاقے گنڈپورہ رام پورہ کے وسیم احمد ملک کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے نوجوانوں کی گرفتاری کا جواز پیش کرنے کے لئے انہیں مجاہدین کے معاون قراردیاہے۔ تاہم مقبوضہ جموں وکشمیر میں اس طرح کی گرفتاریاں روز کا معمول ہیں جو بھارتی حکومت کی وسیع ترحکمت عملی کا حصہ ہیں تاکہ علاقے میں اختلاف رائے کو دبایا جائے اور آزادی کا مطالبہ کرنے والی سیاسی آوازوں کو خاموش کیا جائے۔