سید علی گیلانی

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام کانفرنس کے مقررین کا سید علی گیلانی کو خراج عقیدت

WhatsApp Image 2023-09-01 at 5.57.46 PM

اسلام آبادیکم ستمبر (کے ایم ایس )بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کی دوسری برسی پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ کے زیر اہتمام کانفرنس کے مقررین نے شہید قائد کی تحریک آزادی کشمیراور اسلام کے حوالے سے گراں قدر خدمات اور زندگی کی آخری سانس تک حق پر مبنی موقف پر ڈٹے رہنے پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانفرنس کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی جبکہ مہمان خصوصی سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف تھے ۔کانفرنس کے مقررین نے شہید قائد کی مجاہدانہ ، داعیانہ اور قائدانہ زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی ۔کانفرنس میں شہید قائد کے موقف اور نظریے کی رہنمائی میں جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رائے شماری سے متعلق قراردادوں کو حق خودارادیت کے حصول کے لئے بنیادی اہمیت حاصل رہے گی اور مسئلے کے حل کیلئے کسی قسم کا کوئی فارمولہ وغیرہ تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ حق خود اردیت پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بنیادی توجہ اسی پر مرکوز رکھی جائے گی۔
کانفرنس میں 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی گئی اورمسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک،نعیم احمد خان ، میر واعظ عمر فاروق، ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، ایاز محمد اکبر، محمد قاسم فکتو، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین ،فہمیدہ صوفی اور غیر قانونی طورپر نظر دیگر حریت رہنماﺅں کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی ادارو سے انکی حالت زار کا نوٹس لینے اور رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔کانفرنس کے اختتام پر سید علی گیلانی اور تمام شہدائے جموں و کشمیر کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔
مقررین میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک ، سابق صدر آزاد جموںوکشمیر سردار محمد یعقوب خان، امیر جماعت اسلامی آزاد جموںوکشمیر ڈاکٹر راجہ مشتاق احمد خان، سابق وزیر اعظم آزاد جموںوکشمیر سردار عتیق احمد خان، قائد حز ب اختلاف آزاد جموں وکشمیر اسمبلی خواجہ فاروق احمد، رکن آزادجموںوکشمیر اسمبلی حسن ابراہیم، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر عبدالرشید ترابی، چیئرمین جموں و کشمیر خود ارادیت موومنٹ انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین،صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس محمد افضل بٹ، صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا ۔ صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس عابد عباسی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لیگل فورم کشمیر ایڈوکیٹ ناصر قادری،؛ ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوتھ فورم فار کشمیر زمان باجوہ، غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، سید یوسف نسیم ، سید فیض نقشبندی محمد رفیق ڈار اور دیگر شامل تھے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button