میرے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، ممتا بنر جی
کولکتہ 05اگست (کے ایم ایس)
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ان کے خاندان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ممتا بنر جی نے کولکتہ میں ایک کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اگر وہ کچھ خریدتی ہیں تو کیا انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ جیسے بھارتی تحقیقاتی ادارے اس کی تحقیقات کر سکتے ہیں؟انہوں نے کہاکہ ہم نے کسی سے ایک روپیہ بھی نہیں لیا ہے۔انہوں نے اس موقع پرمزیدکہا کہ بعض تاجروں کو بھی اسی طرح ہراساں کیا جارہا ہے جس طرح انکے خاندان کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔ آپ کو صرف حکومت کے اس آمرانہ طرز عمل کے خلاف قانونی راستہ اختیار کرناچاہیے ۔ممتا بنر جی نے کہاکہ ریاست کی ایسی تصویر پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جیسے مغربی بنگال میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور جھڑپوں کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ لیکن درحقیقت مغربی بنگال ہر شعبے میں باقی تمام ریاستوں سے آگے ہے۔بی جے پی کا نام لیے بغیر بنرجی نے بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کا سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ اگر ہو سکے تو مجھ سے سیاسی طور پر لڑو۔ لیکن ایسی جنگ شروع نہ کریں جو مغربی بنگال اور اس کے لوگوں کے مفاد کے خلاف ہو۔