کشمیریوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا : ماس موومنٹ
سرینگر24اکتوبر (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر ماس مومنٹ نے کہا ہے کہ بھارت ظالمانہ ہتھکنڈوں سے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا بلکہ اس طرح کے اقدامات سے ہماری تحریک آزادی مزید مضبوط اور متحرک ہوجائے گی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ماس موومنٹ کے سیکرٹری انفارمیشن شبیر احمد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر قتل وغارت سے بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتا کیونکہ کشمیری عوام عالمی برادری کی طرف سے تسلیم شدہ اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر میں نہتے شہریوں کے بے رحمانہ قتل،بلا جواز گرفتاریوں، کالے قوانین کے نفاذ اور ماورائے عدالت قتل کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپناکردار ادا کریں۔ انہوں نے 27اکتوبر کو جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کرنے کی حریت کانفرنس کی کال کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارت اور اقوام عالم کو یہ واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی تسلیم نہیں کیا اور آج بھی اس کو مسترد کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت قتل وغارت اورظلم وجبر کے ذرےعے کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتا بلکہ بھارتی تسلط سے مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔