مشال کا یاسین ملک کا مقدمہ ہر عالمی فورم پر لڑنے کے عزم کا اظہار
اسلام آباد26 مئی (کے ایم ایس)
پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی سربراہ اور کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے اپنے شوہر کا مقدمہ ہر عالمی فورم پر لڑنے کے عزم کا ظاہر کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی ہر نئی ناانصافی اور ظلم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک رہا ہے، جو نہ موت سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی کسی قسم کے جبر سے۔انہوں نے کہا کہ جزبہ حریت کشمیریوں کے خون میں بہتا ہے اور یہ جذبہ بھارت کے تمام مظالم کے باوجود کبھی ختم نہیں ہوسکتا۔مشعال ملک نے اقوام متحدہ سے کشمیر کے لیے ایک کمیشن آف انکوائری اور آبزرور مشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا کیونکہ حریت رہنما جھوٹے اورمن گھڑت الزامات کے تحت جیلوں میں نظربند ہیں اور غیر منصفانہ ٹرائلز کے ذریعے انہیں سزائیں سنائی جارہی ہیں۔