انتخابات میں کسی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت نہیں کریں گے: سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی
سرینگر24ستمبر(کے ایم ایس) آل پارٹیز سکھ کوآرڈینیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی)نے کہا ہے کہ وہ اب انتخابات میں کسی بھی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت نہیں کرے گی بلکہ اپنی برادری کے امیدواروں کو سامنے لائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اے پی ایس سی سی کے چیئرمین جگموہن سنگھ رینا نے سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی پوری وادی کشمیر میں ایک عوامی رابطہ پروگرام شروع کریں گے۔انہوں نے کہاکہ نہ تو جموں و کشمیر کی ماضی کی حکومتوں اور نہ ہی نئی دہلی کے حکمرانوں نے سکھ برادری کے مسائل حل کیے ہیں حالانکہ یہ کمیونٹی اقلیتی برادری سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہم سکھ برادری کے جائز مطالبات کے حوالے سے لوگوں سے ملتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چونکہ انتخابات قریب ہیں، اے پی ایس سی سی نے حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اب کسی بھی پارٹی کے امیدواروں کی حمایت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی رابطہ پروگرام پورے کشمیر میں چلایا جائے گا اور وہ پہلے بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں ممکنہ امیدواروں کا انتخاب کریں گے جن کا اعلان کسی بھی وقت ہو سکتا ہے۔