قاضی یاسر، قاضی شبلی کی والدہ انتقال کر گئیں
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما قاضی یاسر اور نیوز پورٹل”کشمیریت “کے ایڈیٹر قاضی شبلی کی والدہ طویل علالت کے بعد ضلع اسلام آباد میں وفات پا گئی ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مرحومہ کی نماز جنازہ آج نماز ظہر کے بعد ادارہ تحقیقات اسلامی پرانی عید گاہ اسلام آبادمیں ادا کی جائے گی۔
دریں اثنا حریت رہنماﺅں اور تنظیموں نے قاضی یاسر اور قاضی شبلی کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ قاضی یاسر اور قاضی شبلی ڈاکٹر قاضی نثار احمد شہید کے بیٹے ہیں۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں ایک دعائیہ مجلس میں قاضی یاسر کی والدہ اور حریت رہنما فاروق توحیدی کے بھائی غلام محمد کے مقبوضہ کشمیرمیں انتقال پر گہرے رنج و غم کا اجلاس کیا ہے ۔اجلاس میں مرحومین کی بلندی درجات اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی بھی دعاکی گئی۔