مقبوضہ جموں و کشمیر : سیاسی جماعتوں کا اپنے پروگراموں کو مربوط بنانے کے لیے 5رکنی کمیٹی قائم
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے اپنے پروگراموں اور روزمرہ کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کے لیے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیٹی میں کانگریس کے رہنما رویندر شرما، نیشنل کانفرنس کے رتن لال گپتا اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ شامل ہوں گے۔یہ اقدام 10اکتوبر کو جموں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے پہلے سامنے آیا ہے۔اتحاد کے ایک سینئر رہنمانے صحافیوں کو بتایاکہ جموں و کشمیر میں اتحاد کے پروگراموں اور روزمرہ کی سرگرمیوں میں بہتر تال میل کے لیے سیاسی جماعتوں نے ایک ذیلی گروپ تشکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بار جب احتجاج ختم ہو جائے گا،بھارت میں اپوزیشن اتحاد ”انڈیا” کی قیادت کو جموں و کشمیر میں مدعو کیا جائے گا۔نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ کی صدارت میں منگل کو مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں نے ایک اجلاس میںمتفقہ طور پر بی جے پی کے خلاف پرامن احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا۔