کشمیری نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ
نئی دلی 27اکتوبر( کے ایم ایس) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسٹ) کی مرکزی کمیٹی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں تمام سیاسی نظر بندوں کی کی رہائی، میڈیا پر عائدپابندیاں ختم کرنے اور لوگوں بالخصوص نوجوانوں کی اندھا دھند گرفتاریوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسٹ)کی مرکزی کمیٹی نے نئی دہلی میں تین روزہ اجلاس کے بعد ایک پریس ریلیز میں مقبوضہ جموں وکشمیر کو ریاست کا درجہ فوری طور پر بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔ پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کڑے فوجی پہرے میں کشمیر کا دورہ کیا اور اس دوران سینکڑوں افراد کو حراست میں لے لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ امیت شاہ نے مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ دفعہ370 کی منسوخی سے علاقے میں صورتحال بہتر ہوئی ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( مارکسٹ) نے مزید کہا کہ شہری ہلاکتوں کے حالیہ سلسلے نے مقبوضہ علاقے میں تشویشناک صورتحال پیدا کر دی ہے۔