مقبوضہ جموں و کشمیر
بی جے پی حکومت نے جامع مسجد سرینگر کو سیل اور میر واعظ کو گھرمیں نظربند کر دیا
سرینگر:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہندوتوا حکومت نے سرینگر میں واقع تاریخی جامع مسجد کو سیل کر دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجد نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی پولیس اہلکاروں نے جامع مسجد کے دروازے کومقفل کر دیاہے۔ پولیس حکام نے انجمن اوقاف کوبتایا ہے کہ آج جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے۔
ادھرقابض حکام نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ گھر میں نظر بند کر دیا ہے اور انہیں سرینگر میں ان کی رہائش گاہ سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ سرینگر میں ان کی رہائش گاہ اور جامع مسجد کے باہر بھارتی پولیس اور پیراملٹری اہلکاروں کی بڑی تعداد کو تعینات کر دیاگیا ہے ۔