سرینگر:بھارتی محاصرے کے باوجود اشرف صحرائی شہید کو شاندارخراج عقیدت پیش
سرینگر 06 مئی (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجی محاصرے کے باوجود نوجوانوں نے تحریک حریت کے شہید چیئرمین محمد اشرف صحرائی کو شہادت کی پہلی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے کارکنوں نے سری نگر کے کئی علاقوں میں شہید رہنما کی تصاویر والے بینرلہرائے۔ انہوں نے آزادی اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ڈاکٹر مصعب نے اس موقع پر کہا کہ اشرف صحرائی نے تحریک آزادی کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا اور زندگی بھر کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھی۔انہوں نے محمد اشرف صحرائی کی شہادت کو حراستی قتل قرار دیتے ہوئے عالمی اداروں سے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک سازش کے تحت کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں اور کارکنوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہا ہے ۔ ڈاکٹر مصعب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محمد اشرف صحرائی ،ان کے بیٹے جنید صحرائی اور دیگر لاکھوں شہداءکے کے مشن کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔