سرینگر : مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے پوسٹر چسپاں
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں ایک بار پھرمظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں ۔ پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ بھارت بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیلی طرز کی وحشیانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹرز میں لکھا ہے کہ ”ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں،بھارت مقبوضہ جموںوکشمیرمیں جبر و استبدد کے اسرائیلی ماڈل کی تقلید کر رہا ہے”۔
پوسٹرز میں یہ بھی لکھا ہے ”فلسطینی اور کشمیریوں دونوں کو آبادکاری کے خلاف دفاع کا حق حاصل ہے۔ فلسطینیوں کو بھی انتہائی جبر کا سامنا ہے اور انہوں نے رد عمل کا اظہار کیا، اب وقت آگیا ہے کہ کشمیری ہندوتوا کی جانب سے شروع کی گئی آبادکاری کے استعمارہ اقدامات کا بھر پور جواب دیں۔
پوسٹروں میں کہا گیا کہ بھارتی اور اسرائیلی قبضے دنیا کے امن و استحکام کے لیے بڑا خطرہ ہیں لہذا عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیر اور فلسطین کے تنازعات کے حل کیلئے کردار ادا کرے۔پوسٹرآزادی پسند تنظیموںجموں و کشمیر ڈیموکریٹک یوتھ فورم، وارثین شہداء اور سٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے چسپاں کیے ہیں۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے جموں وکشمیر پربھارتی اور فلسطین پر اسرائیلی قبضے کو دنیا کے امن و استحکام کے لیے بڑا خطرہ قراردیتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تنازعات کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ فریدہ بہن جی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نہتے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلم امہ پرزوردیا ہے کہ وہ اپنے مظلوم فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کی مدد کے لئے متحدہوکر آگے آ ئے۔