بھارت میں مسلمانوں کو دیوارکے ساتھ لگانے کی منصوبہ بند سازشیں کی جارہی ہیں: مولانا ارشد مدنی
نئی دہلی 17اکتوبر(کے ایم ایس) جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے بھارت کی موجودہ صورتحال پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ملک فسطائیت کی گرفت میں ہے۔
مولانا ارشد مدنی نے جمعیت علمائے ہند کی مجلس عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ ملک کی صورتحال جس قدر تشویشناک اس وقت ہے ، ماضی میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار کی تبدیلی کے بعد یکے بعد دیگرے جس طرح واقعات پیش آرہے ہیںاس بات میں کوئی شبہ نہیں رہ گیا کہ بھارت فسطائیت کی گرفت میں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں فرقہ پرست اورانتشار پسند قوتوں کا بول بالا ہوگیاہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہوتا آرہاہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ نئے نئے تنازعات کھڑاکرکے مسلمانوں کو نہ صرف اکسانے کی کوششیں کی جارہی ہیں بلکہ انہیں دیوارکے ساتھ لگانے کی منصوبہ بند سازشیں کی جارہی ہیں۔ لیکن اس سب کے باوجود مسلمانوں نے جس صبر وتحمل کا مظاہرہ کیا وہ بے مثال ہے۔ مولانا مدنی نے کہاکہ جدوجہد آزادی میں قربانیاں دینے والے ہمارے بزرگوں نے جس ہندوستان کا خواب دیکھا تھا یہ وہ ہندوستان ہرگز نہیں ہے۔انہوں نے موجودہ صورتحال پر حکومتوں کے رویے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ جو کام عدالتوں کا ہے وہ اب حکومتیں کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ بھارت میں قانون کی حکمرانی ختم ہوچکی ہے۔حکمرانوں کے منہ سے نکلنے والے الفاظ قانون ہیں اورگھروں کو زمین بوس کرکے موقع پر فیصلہ کرنا آئین کی نئی ریت بن گئی ہے۔ انہوں نے تمام انصاف پسند جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ متحد ہوکرانتہاپسند قوتوں اور فسطائی طاقتوں کا سیاسی اور سماجی سطح پر مقابلہ کریں اورنصاف کے تقاضوں کو پوراکرنے کے لئے ہر ممکن جدوجہد کریں۔