پاکستان کی طرف سے مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ
غزہ میں ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
اسلام آباد: پاکستان نے مظلوم کشمیریوں کی حمایت رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران افسوس ظاہر کیاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔انہوں نے کہاکہ ، گزشتہ ہفتے بھارت نے جامع مسجد سرینگر کو سیل کردیا۔انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی غیر قانونی گرفتاریوں کو روکے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سپورٹ جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں صحافیوں پر مقدمات درج کرنا بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، ورلڈ کپ میزبان ہونے کے سبب بھارت سے اس کی ذمے داریاں پوری کرانا آئی سی سی کا کام ہے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ بھارت کی جانب سے پاکستانی صحافیوں کو بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا۔غزہ کی صورتحال پر ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ غزہ اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پاکستان غزہ میں سیز فائر کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلسطینی بہن بھائیوں کی حالت زار پر شدید تشویش ہے، اس ضمن میں پاکستان او آئی سی رکن ممالک کے ساتھ رابطے میں ہے۔ترجمان نے کہاکہ دنیا کو یہ باور کروانے کی ضرورت ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد پہنچے اور پاکستانی وزیرِ خارجہ نے ایران، یو اے ای اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے فلسطین کے مسئلے پر بات کی ہے۔انہوں نے کہاکہ آج (جمعرات کو ) دوپہر ایک خصوصی چارٹر طیارہ امدادی سامان لے کر اسلام آباد سے غزہ کے لیے روانہ ہو گا۔ طیارے میں امدادی سامان مصر کے ذریعے غزہ پہنچایاجائیگا ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے ضروری ادویات، لحاف اور ٹینٹ بھجوائے گئے ہیں۔