جنوبی ایشیا میں امن تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے:وزیر خارجہ
اسلام آباد07جون (کے ایم ایس)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن تنازعہ جموں وکشمیر کے پرامن حل سے مشروط ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بلاول بھٹو نے اسلام آباد میںجرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ بھارت نے گستاخانہ بیانات پر معافی نہ مانگی تو یہ حقیقت مزید کھل جائے گی کہ بھارت سیکولر یا جمہوری نہیں بلکہ ہندو بالادستی کا ملک ہے۔بھارت میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گستاخانہ بیان سے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ بھارت کے یک طرفہ اقدامات کے باعث دو طرفہ بات چیت کا عمل متاثر ہوا ہے، بھارت اب ایک ہندوتوا انڈیا ہے، بھارت کی طرف سے اشتعال انگیز بیانات بات چیت کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔نیوز بریفنگ میں جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک نے کہا کہ ہم مقبوضہ جموںو کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی حمایت کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا حل بات چیت کے ذریعے ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی دعوت پر جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پاکستان کے دورے پر ہیں۔