یوتھ کونسل پاکستان کے زیر اہتمام مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد: ”یوتھ کونسل پاکستان“ نے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا انعقاد کیا۔
نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر ہونے والے مظاہرے میں کونسل کے رہنماﺅں اور ارکان کے علاوہ بڑی تعداد میں مختلف یونیورسٹیوں کے طلباءشریک تھے۔ مظاہرے کی قیادت یوتھ کونسل پاکستان کے صدر شہزاد خان نے کی۔ مظاہرین سے شہزار خان ، فرنڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے نائب چیئرمین عبدالحمید لون اور دیگر مقررین نے فلسطینی عورتوں ، بچوں پروحشیانہ اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی مجرمانہ کردار کیوجہ سے اسرائیل کو نہتے لوگوں پر بمباری جاری رکھنے کی شہہ مل رہی ہے۔
انہوںنے کہا کہ ظالم صہیونی ریاست نے سفاکیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ہسپتالوں ، تعلیمی اداروں اور مساجد پر بھی بم برسائے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اسرائیل اور بھارت فلسطین اور بھارت میں مسلمانوںکا بے دریغ خون بہا رہے ہیں لیکن ان دونوں عالمی دہشت گردوں کو کوئی روکنے والا نہیں ہے ۔ مقررین نے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم او آئی سی بھی دونوں جابر قوتوں کو روکنے میں ناکام ہے ۔ انہوں نے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے دیرینہ تنازعات کو حل کیے بغیر دنیا میں پائیدار امن و استحکام کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔