بھارت نے کشمیر پر جارحیت کر کے پورے خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل دیا ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد:آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم آزاد جموںوکشمیر نے آج کشمیر یوم سیاہ کے موقع پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیرکو فوجی چھاو¿نی میں تبدیل اور لوگوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کوجموںوکشمیر پر جارحیت کر کے پورے خطے کو عدم استحکام اور مسلسل تشدد کی طرف دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں قابض بھارتی فورسز کیطرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکنے میں ناکام رہی ہیں۔
وزیر اعظم آزاد کشمیرنے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت چھین لی اور اسے مزکز کے زیر انتظام دو حصوں میں تقسیم کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ دراصل کشمیری عوام کو اپنی شناخت سے محروم کرنے کا ایک شیطانی حملہ تھا جسے کشمیری کبھی نہیں بھولیں گے۔
انہوںنے مزید کہا کہ کشمیریوں کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گیا اور وہ حق خود ارادیت کے حصول کی اپنی منصفانہ جدوجہد میں ضرور کامیاب ہونگے۔