قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے
سرینگ: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سوپور کے رہائشیوں نے قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوپور کے علاقے ننگلی کے مکینوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے علاقے میں برسوں سے نصب بجلی کے موجودہ ٹرانسفارمر کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سڑک بلاک کردی جس سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ موجودہ ٹرانسفارمر میں اکثر فنی خرابی پیدا ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے کو متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھاتے رہے ہیں لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ایک رہائشی منظور احمد ڈار نے بتایا کہ موجودہ ٹرانسفارمر پر زیادہ بوجھ ہونے کی وجہ سے یہ اکثر خراب ہوجاتاہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے گزشتہ پندرہ دنوں سے مقامی لوگوں بالخصوص طلبا ء کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
دریں اثناء ضلع شوپیاںکے علاقے ملڈیرہ کے باشندوں نے پینے کے پانی کی قلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ ملڈیرہ 400سے زائد گھرانوں پر مشتمل علاقہ ہے جہاں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے لیکن اس مسئلے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ ایک مقامی رہائشی غلام محی الدین نے بتایاکہ علاقے میں چند سال پہلے ایک کنواں تعمیر کیا گیا تھا لیکن یہ صرف چند گھرانوں کی ضرورت پورا کرتا ہے اور زیادہ تر گھرانے پانی کی فراہمی سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ کنویں کا پانی بھی آلودہ ہے جس کی وجہ سے علاقے کے زیادہ تر لوگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے زیادہ تر لوگ آلودہ چشمے سے پانی لانے پر مجبور ہیں جو علاقے سے ایک کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔