بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیلی طرز پر آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے
انقرہ : ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر مقامی لوگوں کو آباد کر کے اسرائیل کی طرز پر خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کر رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوسف جنیدبھارتی قابض فورسزکی طرف سے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک ایسی صورتحا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جہاں وہ انسانی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فلسطین اور کشمیر جدید دنیا میں غیر ملکی تسلط کے لامتناہی حالات کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں وحشیانہ فوجی قبضوں نے نہ صرف لوگوں کو ان کے بنیادی حق خودارادیت سے محروم کیا بلکہ معصوم شہریوں کے لئے خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیاگیاہے۔ترک پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کی چیئرپرسن دیریا یانک، رکن پارلیمنٹ برہان کیاترک، صدر ایس ڈی ای گورے الپر اور میڈیا، تھنک ٹینکس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے تقریب میں شرکت کی۔ترک پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کی چیئرپرسن دیریا یانک نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کی حمایت بین الاقوامی قانون اور ضمیر کا تقاضا ہے۔ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیری عوام کی خواہش کے مطابق تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور کرتا رہے گا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کی خاطر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے ترکیہ کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ برہان کیاترک نے کہا کہ جب اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا گیا تو اس سے نہ صرف بین الاقوامی امن بلکہ انسانی حقوق بھی دا ئوپر لگ گئے۔انہوں نے کشمیرکے حوالے سے اصولی موقف اختیارکرنے بالخصوص صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میںکشمیر کاز کو اجاگر کرنے پر ترک عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔