بی جے پی نے جمہوری حقوق سلب کر کے کشمیریوں کو بے اختیار کر دیا ہے،وقار رسول وانی
جموں:انڈین نیشنل کانگریس کی مقبوضہ جموں و کشمیر شاخ نے مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ مذموم سیاسی فوائد کیلئے جمہوری اداروں کو کمزور اور نام نہاد ترقی اور خوشحالی کے نام پر کشمیری عوام کو دھوکہ دینے کی بی جے پی کی مہم کے خلاف اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس کی مقبوضہ جموں و کشمیر شاخ کے صدر وقار رسول وانی نے ضلع کولگام میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد ترقی اور خوشحالی سے متعلق بی جے پی کے دعوے زمینی حقائق کے برعکس ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی نے ہرشعبے میں مقبوضہ علاقے کو تاریکی کی طرف دھکیل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کشمیری عوام سے ان کے بنیادی جمہوری حقوق سلب کر کے انہیں آئینی طور پر بے اختیار کردیاہے ۔