مقبوضہ کشمیرمیں بارشو ں اور برفباری کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی
سرینگر: مقبوضہ وادی کشمیر میں جمعہ کی صبح سے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیاحتی مقام گلمرگ کے علاوہ وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں بشمول راز دان ٹاپ، پیر کی گلی، زوجیلا پاس، سنتھن ٹاپ اورسونہ مرگ میں جمعہ کی صبح برفباری ہوئی جبکہ میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے وادی کشمیر کے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور لوگ خود کو سردی سے بچانے کیلئے گرم لباس کے علاوہ روایتی کانگڑیوں کا استعمال کررہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی کشمیرمیں ہفتہ کی صبح سے موسم بہترہونے اور بعد ازاں 17 نومبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران درجہ حرارت میں بھی بہتری ہوسکتی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سرینگرمیں 17.5ملی میٹر ، قاضی گنڈمیں 12، پہلگام میں 6.4، کپواڑہ میں 29.8، گلمرگ میں22.2،جموں میں 42،بانیہال میں 21.4،کٹرا میں 33.4اوربٹوٹ میں 17.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔
ادھر کپواڑہ کی ضلعی انتظامیہ نے ناساز موسمی صورتحال کے پیش نظر ایک سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے عوام خاص طورپر کیرنم کرناہ، مژھل،بڈنمال، جمگنڈ، نوگام، کمکڈی اور دریائوں اور ندی نالوں کے نزدیک رہنے والے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ موسم بہتر ہونے تک ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں مٹی کے تودے گرنے کے خطرہ ہے ۔