بی جے پی حکومت کشمیریوں کے ساتھ دشمنی کا بھر پور مظاہرہ کر رہی ہے، غلام احمد میر
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس نے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کی بنیادی ضرورتوں کی نظر انداز کر کے انکے ساتھ دشمنی کا بھر پور مظاہرہ کررہی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انڈین نیشنل کانگریس مقبوضہ جموں وکشمیر شاخ کے سابق صدر غلام احمدمیر نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ویری ناگ میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب میں علاقے میں بڑھتی ہوئی بے روز گاری، راشن کی کمی اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر شدید تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بھاریہ جنتاپارٹی کی بھارتی حکومت بدانتظامی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے ۔
انہوںنے کہا کہ کشمیری اس وقت الگ تھلگ اور افسردہ محسو س کر رہے ہیں، بی جے پی کی جابرانہ حکمرانی میں لوگوں کو امتیازی سلوک کے خلاف آواز اٹھانے کی اجازت نہیں ہے۔
غلام احمد میر نے کہا کہ بی جے پی نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے لوگوں کو دبانے اور بے اختیار کرنے کے معاملے میں تاریخ رقم کی ہے۔