نریندر مودی جیب کترے کا کردار ادا کر رہے ہیں، راہول گاندھی
جے پور: انڈین نیشنل کانگریس کے سینئر رہنما راہول گاندھی نے بی جے پی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی جیب کترے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست راجستھان کے علاقوں دھولپور اور بھرت میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی ، وزیر داخلہ امیت شاہ اور صنعت کار گوتم اڈانی پر بھر پور حملہ کرتے ہوئے جیب کتروں کی مثال دی اور کہا کہ جیب کترہ کبھی تنہا نہیں آتا بلکہ تین لوگ ساتھ آتے ہیں ، ایک دھیان بھٹکاتا ہے ، دوسرا بلیڈ سے کاٹتا ہے اور تیسرا دھمکاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی ٹی وی پر آکر ہندو ۔ مسلم ، نوٹ بندی، جی ایس ٹی وغیرہ پرتقریر جھاڑ کر لوگوںکا دھیان بھٹکاتے ہیں جسکے بعد اڈانی لوگوں کی جیب کاٹنے کا کام کرتے ہیں اور پھر امیت شاہ لاٹھی چلاتے ہیں یعنی دھمکاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے جو پیسہ ملک کی سرحدوں پر کھڑے جوانوں کی حفاظت پر خرچ ہوتا تھا وہ اب اڈانی کو دیا جا رہا ہے ۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے مہنگائی کا جو طوفان برپا کر رکھا ہے اس سے لوگوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ ریاست راجستھان میں 25نومبر بروز ہفتہ اسمبلی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔