جموں میں پینتھرس پارٹی کابی جے پی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل پینتھرس پارٹی نے جموں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بدعنوان عناصر کے لئے واشنگ مشین قراردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے اس موقع پرعلامتی طور پر واشنگ مشین کو نذرآتش کردیا ۔ پارٹی نے بی جے پی پر سیاسی فائدے کے لیے بدعنوان سیاستدانوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا۔پارٹی کے صدر ہرش دیو سنگھ کی قیادت میں کارکنوں نے بی جے پی کی بدعنوانی ، دہشت گردی کی حمایت اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن جیسی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ ملی بھگت کی مذمت کی اورا س کے خلاف نعرے لگائے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہرش دیو سنگھ نے بی جے پی پر شدید تنقید کی اور اس کی سیاست کو بدعنوان عناصر کے لئے واشنگ مشنین قراردیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نہ صرف بدعنوان سیاست دانوں کا خیرمقدم کرتی ہے بلکہ اشتہاری مجرموں کو بھی اپنی صفوں میں شامل کر رہی ہے۔