بی جے پی انتشار کی سیاست اور مختلف برادریوں میں نفرت پیدا کرتی ہے: کانگریس
جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کانگریس کے صدر وقار رسول وانی نے لوگوں کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے تقسیم کے ہتھکنڈوں سے خبردار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وقار رسول وانی نے جموں میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو تقسیم کی سیاست کرنے اور مختلف برادریوں میں نفرت پیدا کرنے کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران یہ جذباتی کارڈ کھیلتی ہے اور لوگوں کے جذبات کا استحصال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں بی جے پی کے خلاف غصہ ہے جس نے عوام کے جذبات سے کھلواڑ کیا ہے جنہوں نے انہیں ووٹ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ ان کی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں اور حکومت ناکام ثابت ہوچکی ہے۔ کانگریس لیڈر رمن بھلہ نے اس موقع پر کہا کہ ریاست کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد غریبوں کی زمینیں چھینی جا رہی ہیں، نوکریوں کا تحفظ ختم ہو گیا ہے اور سرکاری اور نجی شعبے میں نوکریاں نہیں ہیں۔