مقبوضہ جموں وکشمیر: کل جماعتی حریت کانفرنس کا بڑھتی ہوئی بھارتی فوجی جارحیت پر اظہار تشویش
سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نہتے کشمیریوں کے خلاف بڑھتی ہوئی بھارتی فوجی جارحیت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر خالصتاً ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرور ت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جموں وکشمیر کے آزادی پسند غیور عوام کے استقامت اور ناقابل تسخیر عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ کشمیری اپنے ناقابل تنسیخ حق ، حق خود ارادیت کے لیے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں جدید دنیا کی عصری انقلابی تحریکوں میں نمایاںمقام حاصل ہے۔
ترجمان نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیریوں کی بقا، عزت، وجود، ثقافت اور تشخص داو¿ پر لگا ہوا ہے جس پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پوری دنیا کے باضمیر لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔انہوںنے مزید کہا کہ بھارت نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے بیشتر رہنماﺅںکو قید کررکھا ہے ، اسکے دفاتر کو سیل کر دیا ہے لیکن وہ تحریک آزادی کے عظیم شہداءکے مشن کو منطقی انجام تک پہچانے کیلئے پرعزم ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل،انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی ابترصورتحال کا نوٹس لیں اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔