APHC-AJK

بھارت کی ریاستی دہشت گردی بین الاقوامی برادری کیلئے سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے: حریت رہنما

zahid safiاسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما زاہد صفی نے کہاہے کہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی اب سرحدوں سے باہر نکل کر بین الاقوامی برادری کیلئے ایک سنگین مسئلہ بنتی جا رہی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زاہد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل کے بعد امریکہ میں آزادی پسند رہنمائوں پر اسی طرح کے جان لیوا حملے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ برطانیہ میں معروف آزادی پسند کشمیری رہنما مرحوم محمد ایوب ٹھاکرکے صاحبزادے مزمل ٹھاکر پر حملہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ مزمل ایوب ٹھاکرسفارتی محاذ پر تحریک آزادی کشمیر کی ایک موثر اورتوانا آوازہیں۔وہ بھارتی خفیہ ایجنسیوں کی آنکھ میں کانٹے کی طرح کھٹک رہے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ انہیں برطانیہ میں گھر کی طرف جاتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے غنڈوں نے نشانہ بنایا ۔انہوں نے کہاکہ یہ انتہائی سنگین واقعہ ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔حریت رہنما نے کہاکہ بھارت کا گھنائونا چہرہ جو بین الاقوامی برادری سے چھپا ہو ا تھا، اب بے نقاب ہو چکا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت ہمیشہ سے بین الاقوامی برادری میں ایک سازشی کردار کے طور پر جانا جاتا ہے۔فلسطین کے معاملے میں بھی بھارت نے دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔سری لنکا میں بھارتی دہشت گردی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔اسی طرح مالدیپ، بھوٹان، نیپال اوربنگلہ دیش میں بھی بھارت ایک سازشی کردارکے طور پر جانا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہر آزادی پسند رہنما اور ہر ذی شعورانسان کو بھارت کے غیر انسانی اورغیر اخلاقی رویے کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہیے۔
دریں اثناء پاسبان حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچانے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے کی مسلمہ عوامی قیادت کو جیلوں میں بند کرکے نام نہاد انتخا بی ڈرامے کی کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات حق خودارادیت کا نعم البدل نہیں ہوسکتے جس کے لئے کشمیری عوام جدوجہد کررہے ہیں اورقربانیاں دے رہے ہیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button