کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کا اسلام آباد میں بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ
اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے دفتر کے باہر بھارت مخالف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرے کے شرکا ء نے عالمی برادری کی توجہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے لوگوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی طرف مبذول کرائی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مظاہرے کی قیادت کی ۔ احتجاجی مظاہرے کا مقصد انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرانا تھا۔حریت رہنمائوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10دسمبر1948کو اقوام متحدہ نے انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کو منظور کیاتھا جس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا تھا کہ دنیا کی تمام اقوام بلا تفریق مذہب و نسل انسانی حقوق کی پاسداری کریں گی لیکن اعلامیے پر دستخط کرنے کے باوجود بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کر رہا ہے۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کالے قوانین کے تحت حاصل اختیارات کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے تمام ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی اور کشمیری اپنی تحریک آزادی کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔حریت رہنمائوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرکی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے کشمیریوں کی نسل کشی سمیت نت نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت کی طرف سے جاری ریاستی دہشت گردی اور تشدد کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔
ادھربھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے مودی حکومت کے غیر قانونی اقدام کی توثیق کے انتہائی متنازعہ ، ظالمانہ اور جانبدار فیصلے کیخلاف برہان وانی چوک مظفر آباد میں پاسبان حریت جموںوکشمیر کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرے میں کشمیری شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سیاہ جھنڈے لہرا اور ٹائر جلا کر حتجاج کیا۔مظاہرین نے "بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ نامنظور نامنظور ،بھارتی ظالم عدلیہ ہائے ہائے”بھارتیو غاصبو جموں وکشمیر چھوڑ دو” کے نعرے لگا ئے ۔ مظاہرین نے سپریم کورٹ کی جانب سے جموں وکشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دینے کیخلاف بطور احتجاج بھارتی جھنڈا نذر آتش کیا۔چیئرمین پاسبان حریت عزیر احمد غزالی، عثمان علی ہاشم، مشتاق السلام، شوکت جاوید میر، خالد محمود زیدی، بلال احمد فاروقی، محمد اسحاق شاہین، فیصل فاروق، محمد فیاض، ارشاد تانترے، امتیاز عزیزخان، محمد الطاف منہاس، محمود شاہ، رویس شیخ اور دیگر نے مظاہرے کی قیادت کی ۔اس موقع پر مقررین نے کہاکہ بھارتی حکومت اور سپریم کورٹ کے متنازعہ فیصلے جموں کشمیر کی تاریخی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے ۔انہوں نے جموںوکشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی تحریک جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔