محمود ساغر کی طرف سے شبیر شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر اظہار تشویش
اسلام آباد02نومبر (کے ایم ایس )
جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساغر نے پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین شبیر احمد شاہ کی مسلسل غیر قانونی نظربندی اورانکی گرتی ہوئی صحت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ شبیر شاہ سمیت غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بی جی پی کی حکومت کشمیرمیں اختلاف رائے کی ہر آواز کو طاقت کے بل پر خاموش کرانے پرتلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریت قائدین کی بڑے پیمانے پر گرفتاریاں کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جاری جدوجہد کو دبانے کیلئے مودی حکومت کے مذموم منصوبے کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ شبیر شاہ کو انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 1990کی دہائی کے اوائل میں ضمیر کا قیدی قرار دیا تھااور انہوں نے اپنے سیاسی عقائد کی وجہ سے 34سال جیلوں میں گزارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2011سے مارچ 2016 تک شبیر شاہ کو گھر میں نظربند یا جیل قید رکھا گیا ۔ شبیر شاہ کی مسلسل نظربندی کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے محمود احمد ساغر نے کہا کہ شبیر شاہ سمیت کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری رہائی کیلئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںکو بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے۔